وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بشیر میمن کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں، بشیر میمن کو فائز عیسیٰ کے خلاف کبھی کیسز بنانے یا تحقیقات کرنے کا نہیں کہا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے گفتگو کے دوران کہا کہ ریفرنس فائل کرنے کا کام بشیرمیمن کا تھا ہی نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بشیر میمن کو مریم نواز ن لیگ یا پیپلز پارٹی کے خلاف کیسز کا کبھی نہیں کہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خاتون اول کی تصویر کے معاملے میں مریم نواز پر دہشت گردی کا مقدمہ بنانے کا کبھی نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ بشیر میمن صرف اومنی گروپ کی جے آئی ٹی میں پیش رفت پر بریف کیا کرتے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ بشیر میمن کو صرف خواجہ آصف کے اقامے کے معاملے پر تحقیقات کا کہا تھا، خواجہ آصف کیس کی تحقیقات کا فیصلہ کابینہ اجلاس میں بھی کر چکے تھے، جس پر میں نے کہا تھا تحقیقات کریں یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ وزیر خارجہ اور دفاع غیر ملکی اقامہ اور تنخواہ لیتا ہو۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جہانگیر ترین کے معاملے پر ملنے والے وفد نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا کہا۔
Comments are closed.