برطانیہ میں ریکارڈ توڑ گرمی پڑنے کے بعد اب آنے والے دنوں میں سیلاب کا بھی خطرہ ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق برطانوی حکومت نے وارننگ جاری کر دی ہے کہ شدید گرمی پڑنے کے بعد اب انگلینڈ کے کچھ حصّوں میں اچانک سیلاب بھی آ سکتا ہے۔
حکومت کی جانب سے سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بدھ کو شدید بارش کے بعد انگلینڈ میں سیلاب آسکتا ہے اور یہ صورتِ حال 5 روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔
میٹ آفس نے پیش گوئی کی ہے کہ بدھ کی سہ پہر کو انگلینڈ کے وسطی، جنوبی اور مشرقی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔
اس بارش کی وجہ سے انگلینڈ کےجنوب اور مشرقی حصوں میں سیلاب آنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ تر مقامات پر صرف ہلکی بارش ہی ہو گی۔
سیلاب کی وارننگ جاری ہونے کے بعد مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ سال موسمِ گرما کے دوران لندن میں آنے والے سیلاب کی متعدد ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔
صارفین کی جانب سے یہ ویڈیوز اور تصاویر موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے متعلق آگاہ کرنے کے لیے شیئر کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں پہلی بار ملک کے مختلف حصوں میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیے جانے پر ایک افراتفری کی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔
اس ریکارڈ توڑ گرمی کی وجہ سے ملک میں آگ لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
حال ہی میں مشرقی لندن کے ایک گاؤں ویننگٹن میں لگنے والی آگ نے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا اور مقامی لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔
برطانیہ کی فائر سروسز کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پیش آنے والے یہ واقعات سنگین اور بڑی نوعیت کے ہیں۔
Comments are closed.