بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بجٹ پاس کرنے کیلئے DG FIA کو تبدیل کیا جاتا ہے: عطاء تارڑ

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے کو تبدیل کر دیا جاتا ہے تاکہ بجٹ پاس ہو۔

لاہور کی سیشن عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ ایف آئی اے کی ٹیم کے پاس تفتیش سے متعلق کوئی جواب نہیں تھا، کونسا نوٹس ہے جس کے جواب کا ایف آئی اے کو انتظار ہے؟

انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اصول پس پشت رکھ کر بڑے سے بڑا این آر او دینا پڑے تو انہیں کوئی پرواہ نہیں، آپ نے خسرو بختیار اور جہانگیر ترین کو این آر او دیا ہے۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ شہباز شریف دباؤ میں نہیں آئے، چینی پر ایک روپے کی سبسڈی نہیں دی، شہزاد اکبر نے جتنے کیس بنائے سب بے بنیاد ہیں۔

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ مطالبہ کرتا ہوں کہ شہزاد اکبر سے فوراً استعفیٰ لیا جائے، ان سے ہائی لیول انکوائری کی جائے اور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 3 ہائی کورٹس نے شہزاد اکبر کی نا اہلی پر مہر لگا دی ہے، آپ نے عمران نیازی کی ایماء پر کیس بنائے، آپ کے بنائے کیس ایک ایک کر کے منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں، آپ نے ناصرف جھوٹے کیس بنائے بلکہ کرپشن بھی کی۔

عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ حماد اظہر کو جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں آتا، محمود خان، عثمان بزدار، جام کمال اور پرویز خٹک مل کر بھی شہباز شریف کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے سو ارب میں ایک بی آر ٹی بنائی نہیں بلکہ جلائی ہے، محمود خان کو شرم نہیں آتی 100 ارب میں ایک بی آر ٹی چلائی نہیں جلائی۔

رہنما مسلم لیگ نون کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے عدالت میں بتایا کہ ان کے دور میں بجلی کا نظام بہتر تھا، شہباز شریف کا یہ لوگ مل کر بھی مقابلہ نہیں کر سکتے۔

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم پر ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ روز لیڈی ریڈنگ اسپتال سے شعلے اٹھتے ہیں، ہم نے چلڈرن اسپتال بنائے، پہلا کارڈیا لوجی نواز شریف نے پنجاب میں بنایا۔

عطاء تارڑ کا مزید کہنا ہے کہ شرم آتی ہے کہ خیبر پختون خوا سے دل کا مریض راولپنڈی میں علاج کراتا ہے، مریم اورنگزیب پر جملے کستے محمود خان کو شرم نہیں آئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کو بھی شرم کرائیں، سیاسی انتقام اب مزید جاری نہیں رہ سکتا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.