انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان معین علی نے کہا ہے کہ ہم اچھا نہیں کھیلے اور کیچز بھی ڈراپ ہوئے، بابر اور رضوان نے اچھی کرکٹ کھیلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے معین علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دونوں اوپنرز نے عمدہ بیٹنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ دوسری اننگز میں پچ بیٹرز کے لیے مزید بہتر ہوگئی، لیکن امید تو یہی تھی وکٹ اسپنر کیلئے سازگار رہے گی۔
انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ کراچی کی وکٹ ہمیں نارمل لگ رہی تھی۔ کراچی کی پچ کو ریڈ کرنا مشکل ہوتا ہے۔
معین علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا ایک اوور کرکے رسک لیا اور وکٹ لینے کی کوشش کی لیکن یہ سب انگلینڈ کے حق میں نہیں جاسکا اور ٹیم میچ ہار گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آدھی اننگز تک ہم پرامید تھے کہ اگر ایک دو وکٹیں لے لیں تو صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔
بابر اور رضوان کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رضوان نے ابتدا میں تیز کھیلا اور پھر بابر اعظم نے اپنا وقت لے کر کھیلا اور ہمارے بولرز انہیں نہیں روک پائے۔
انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ان دونوں کھلاڑیوں کے اسٹرائیک ریٹ سے متعلق تنقید ہوتی رہی ہے، لیکن میرا ماننا ہے کہ ان دونوں کا اسٹرائیک ریٹ بہت اچھا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں معین علی کا کہنا تھا کہ ہم نے سوچا تھا کہ گیند گھومے گی اور نیچے بھی رہے گی لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔
معین علی نے یہ بھی بتایا کہ تیسرے میچ میں ہم تبدیلیاں کریں گے۔
Comments are closed.