ہفتہ 15؍شوال المکرم 1444ھ6؍مئی 2023ء

بابر اعظم کا سب سے کم اننگز میں 18 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ایک ہی دن میں دوسرا کارنامہ بھی انجام دے دیا۔

دنیا کرکٹ کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے چوتھے میچ میں سب سے کم اننگز میں 18 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

بابر اعظم نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 18 ویں سنچری 97 اننگز میں اسکور کی، وہ 100 سے کم اننگز میں 18 سنچریاں کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔

بابر اعظم سے قبل یہ اعزاز جنوبی افریقی بیٹر ہاشم آملہ کے پاس تھا، جنہوں نے 102 اننگز میں 18 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

بابر اعظم 5 ہزار ون ڈے رنز کرنے والے تیز ترین بیٹر بن گئے، بابر اعظم ایک سو سے کم اننگز میں پانچ ہزار رنز کرنے والے پہلے کرکٹر ہیں۔

آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر نے 115، سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 119 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوئے تھے۔

بابر اعظم اس سے قبل اپنی 13ویں، 14ویں، 15ویں، 16ویں اور 17 ویں سنچری بھی سب سے کم اننگز میں بناچکے ہیں۔

اس سے قبل آج بابر اعظم نے ہاشم آملہ 101 اننگز میں 5 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.