اتوار24؍ربیع الثانی 1444ھ20؍نومبر 2022ء

بائیسویں فٹبال ورلڈکپ کا آج سے قطر میں آغاز

بائیسویں فٹ بال ورلڈ کپ کا آج سے قطر میں آغاز ہو رہا ہے، رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد ایونٹ کا پہلا میچ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جائے گا۔

قطر میں فٹبال کا بخار عروج پر پہنچ گیا، فیفا نے دوحا کے بدعا پارک میں فین فیسٹول کا اہتمام کیا ہے، چالیس ہزار سے زائد شائقین بڑی اسکرین میں افتتاحی تقریب اور فٹبال کے میچز دیکھیں گے۔

میگا ایونٹ کے 64 میچز قطر کے 5 شہروں کے 8 اسٹیڈیمز میں ہوں گے جہاں دفاعی چیمپئن فرانس ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں قطر میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہے اور یہ اب تک اس ایونٹ کے لیے 200 ارب ڈالر سے زائد کی خطیر رقم خرچ کر چکا ہے۔

افتتاحی تقریب میں مقامی اور دنیا بھر سے آئے معروف فنکار شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقِ وسطی کا کوئی ملک فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کر رہا ہے اور پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا انعقاد موسم سرما میں ہو رہا ہے۔

ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں شائقین نے قطر کا رُخ کیا ہوا ہے۔

قطر میں رہائش اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، شائقین نے ایک بیڈ کا روم کئی کئی سو ڈالرز میں حاصل کر کے اس تاریخی ٹورنامنٹ کو دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 32 ٹیمیں قطر پہنچ چکی ہیں اور ایونٹ کے آغاز سے قبل وارم اپ میچز بھی کھیل چکی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.