بدھ 3؍ذیقعد 1444ھ24؍مئی 2023ء

ای سی سی کی مینگرووز منصوبے میں سندھ حکومت کو شامل کرنے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے انڈس ڈیلٹا منصوبے کے تحت مینگرووز منصوبے میں سندھ حکومت کو شامل کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق مینگرووز منصوبے کے تحت ملازمتیں پیدا کرکے 20 کروڑ ڈالر آمدن ہوگی۔

ای سی سی نے وزارت صحت کیلئے 10 ارب 74 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔

اُوچ پاور لمیٹڈ کو رقم کی ادائیگیوں کیلئے میکنزم منظور کرلیا گیا ہے، ترمیم شدہ پاور پرچیز معاہدے کے تحت حکومت کو 7 سال میں 33 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

صدر سیکریٹریٹ کیلئے 2 کروڑ 50 لاکھ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے، یہ رقم صدر سیکرٹریٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پینشنز پر خرچ کی جائے گی۔

ای سی سی نے گوجرہ میں انڈر پاس کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے 49 کروڑ 72 لاکھ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرلی ہے۔

وزارت اطلاعات کیلئے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی سمری کو بھی منظور کرلیا گیا جبکہ وزارت اطلاعات و نشریات کی بیرون ملک سروسز کیلئے 42 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

کنٹرولر جنرل آفس کو 26 کروڑ 39 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

پائیدار اہداف پروگرام کے تحت کابینہ ڈویژن کو 20 ارب روپے جاری کیے جائیں گے جبکہ وزارت دفاع کو 4 ارب روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.