ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے پہلے ایلیمنیٹر میں اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 171 رنز بناسکی۔
ایک وقت میں جب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط ہوچکی تھی ایسے میں پشاور زلمی کے بولرز نے اختتامی لمحات میں نپی تلی بولنگ کرکے یونائیٹڈ کو شکست سے دوچار کیا۔
ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کو پہلا نقصان رحمان اللّٰہ گرباز کی صورت میں اٹھانا پڑا جب 13 رنز کے مجموعے پر انہیں عظمت اللّٰہ عمرزئی نے آؤٹ کیا۔ گرباز نے 10 رنز بنائے تھے۔
اس کے بعد ایلکس ہیلز اور صہیب مقصود نے سنچری پارٹنرشپ بنا کر میچ کو پشاور زلمی سے دور کردیا تھا۔
صہیب مقصود 128 کے مجموعے پر 48 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، لیکن اس کے بعد پشاور زلمی کے بولرز نے لائن اور لینتھ پر گیند بازی کرتے ہوئے وقفے وقفے سے وکٹیں لینے کا آغاز کردیا۔
صہیب کے بعد اعظم خان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں 133 پر سلمان ارشاد نے آؤٹ کیا۔ ان کے بعد 137 کے مجموعے پر ایلکس ہیلز عامر جمال کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔
کولن منرو 4 اور فہیم اشرف 5 رنز کے مہمان ٹھہرے جبکہ شاداب خان نے 12 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیلی لیکن تاہم یہ ٹیم کی جیت کے لیے کافی نہ تھی۔
پشاور زلمی کے سلمان ارشاد اور عامر جمال نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عظمت اللّٰہ عمرزئی نے ایک وکٹ لی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اوپنرز بابر اعظم اور صائم ایوب نے 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ پانچویں اوور میں اس مجموعے پر صائم ایوب محمد وسیم کی گیند پر 23 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نوجوان بلے باز حسیب اللّٰہ خان بجھے بجھے نظر آئے، انہوں نے 11 گیندوں پر 15 رنز کی اننگز کھیلی اور کپتان کے ساتھ 36 رنز کی پارٹنرشپ بناکر شاداب کی گیند پر اسٹمپ ہوگئے۔
بابر اعظم نے ایک جانب رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے محمد حارث کے ساتھ مل کر 41 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔
کپتان بابر اعظم 137 کے مجموعے پر 64 رنز کی اننگز کھیل کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد 34 رنز بنانے والے محمد حارث پویلین لوٹے جبکہ جمی نیشم 2 اور عامر جمال 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اختتامی لمحات میں عظمت اللّٰہ نے 10 اور ٹام کوہلر کیڈمور نے 16 رنز کی اننگز کھیلی، یوں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹیں گنوا کر 183 رنز کا ہندسہ بورڈ پر سجایا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے دو وکٹیں لیں، جبکہ فضل حق فاروقی، حسن علی، محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یونائیٹڈ کے بلے بازوں صہیب مقصود اور ایلکس ہیلز کی وکٹیں لینے والے عامر جمال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پشاور زلمی کی ٹیم 17 مارچ کو دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز کا مقابلہ کرے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، رحمان اللّٰہ گرباز، صہیب مقصود، کولن منرو، اعظم خان، فہیم اشرف، مبصر خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر اور فضل حق فاروقی شامل تھے۔
بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پشاور زلمی کی ٹیم صائم ایوب، حسیب اللّٰہ، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، جمی نیشم، عامر جمال، مجیب الرحمان، عظمت اللّٰہ عمرزئی، وہاب ریاض اور سلمان ارشاد پر مشتمل تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 12 پوائنٹس اور خراب رن اوسط کے گروپ اسٹیج کے اختتام پر تیسرے نمبر پر رہی۔
پشاور زلمی کی ٹیم پانچ میچز میں کامیابی حاصل کرکے 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔
Comments are closed.