ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے مایوس کن آغاز کیا، پہلے میچ میں ملائیشیا نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔
فاتح ٹیم کے فرحان اشعری نے دو گول بنائے، پاکستان کا واحد گول عبدالرحمان نے اسکور کیا۔ ایونٹ میں کل پاکستان کا مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا۔
چنئی میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ برق رفتاری سے شروع ہوا، ایک دوسرے کے گول پر حملے ہوئے، لیکن پہلا کوارٹر بغیر گول کے برابری پر ختم ہوا۔
دوسرے کوارٹر میں دلچسپ مقابلہ ہوا، لیکن 27ویں منٹ میں ملائیشین ٹیم نے حملہ کیا اور فرحان اشعری نے پہلا گول بنا دیا۔ اگلے ہی منٹ میں فرحان نے ملائیشیا کے لیے دوسرا گول بھی داغ دیا، ہاف ٹائم پر ملائیشیا کو دو۔صفر کی برتری حاصل تھی۔
میچ کے تیسرے کوارٹر کے 44ویں منٹ میں سلویرئس نے ملائیشیا کو کو تین۔صفر کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد پاکستان ٹیم نے حریف ٹیم کے گول پر حملے کیے، پنالٹی اسٹروک بھی حاصل کیا، لیکن ضائع ہو گیا۔
میچ کے 55ویں منٹ میں عبدالرحمان نے پاکستان کےلیے پہلا گول بنایا، لیکن میچ ملائیشیا نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔
اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں جنوبی کوریا نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔
Comments are closed.