پیر 19؍محرم الحرام 1445ھ7؍اگست2023ء

کوشش ہے قابل قبول نگراں سیٹ اپ تشکیل دیا جائے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں ہماری حکومت ختم ہوجائے گی، کوشش ہے سب کے لیے قابل قبول نگراں سیٹ اپ تشکیل دیا جائے۔

اسلام آباد میں ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ کے لیے تمام جماعتوں سے مشاورت کروں گا، پاؤں پر کھڑا ہونا آسان کام نہیں، سب سے پہلا کردار حکومت وقت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ہر طرف خطرات اور ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالی تو آئی ایم ایف کا بے پناہ چیلنج تھا، آئی ایم ایف کے چیلنج نے نیندیں حرام کردی تھیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اتحادیوں کو قومی…

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی اور ڈالر کی اڑان وہ تھی جس کا کوئی اندازہ بھی نہیں کرسکتا تھا، اجتماعی کاوشوں سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں ڈیفالٹ کا خطرہ تھا جوکہ اب ٹل گیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہ ہوتا تو معیشت کی حالت غیر ہوجانی تھی۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سازشی ذہن کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی اور اس کے ٹولے نے سیاسی افراتفری پیدا کی، تمام تنقید کے باوجود 15 ماہ میں ریاست کو بچایا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جو کانٹے بوئے تھے وہ ہمیں ہٹانا پڑے، جن چیلینجز کا سامنا کرنا پڑا وہ ناقابل بیان ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایک عمارت کو بنانے کے لیے کئی سال لگتے ہیں لیکن عمارت کو زمین بوس کرنے میں ایک منٹ لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے خارجی محاذ پر ناقابل بیان تباہی پھیلائی، سیاسی استحکام کے بغیر ترقی، خوشحالی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعظم نے ممبران قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے اعتماد اور ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھ سے کوئی غلطی ہوئی تو معافی چاہتا ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ نے اچھے طریقے سے ہاؤس کو چلایا، 15 ماہ میں اتحادی حکومت کے لیے چیلینج، سبق اور سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.