اس سال پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے کرکٹ ایشیا کپ کے وینیو پر حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔ بحرین میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اجلاس میں شرکا نے معاملے پر حتمی فیصلہ اگلے ماہ تک مؤخر کردیا۔
کرکٹ ایشیا کپ اس سال ستمبر میں پاکستان کی میزبانی میں ہونا ہے مگر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے حکومتی اجازت نہ ملنے کا بہانہ بنا کر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
پاکستان نے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کیا جس پر اے سی سی کا اجلاس ہفتہ کو بحرین میں ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے شرکت کی۔
اجلاس میں بھارتی بورڈ کے جے شاہ بھی موجود تھے تاہم ایشیا کپ کے وینیو پر حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔
شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایشیا کپ کے وینیو پر مارچ میں کوئی فیصلہ کیا جائے اور اس وقت تک دونوں بورڈز اس معاملہ پر اپنی حکومتوں کا مؤقف حاصل کرلیں۔
اگر بی سی سی آئی کا مؤقف تبدیل نہ ہوا تو ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر ہوسکتا ہے جس کےلیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور قطر کے نام زیر غور ہیں۔
اے سی سی اجلاس میں افغانستان کرکٹ پر بھی بات ہوئی اور بورڈ نے افغانستان کا بجٹ 9 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد تک کردیا ہے۔
Comments are closed.