پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یونین کونسل (یو سی) چیئرمین اسد امان نے تازہ ویڈیو میں کہا ہے کہ وہ 12 جون کے اعلان پر قائم ہیں، میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو ووٹ نہیں ڈالیں گے۔
اس سے پہلے ایک ویڈیو بیان میں اسد امان نے کہا تھا کہ سندھ حکومت ان پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ پی ٹی آئی کے حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ دینے کے فیصلے کو نہ مانیں۔
میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب کل آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں ہوگا، میئر کراچی کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضی وہاب اور جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان مد مقابل ہوں گے۔
ڈپٹی میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار سلمان عبداللّٰہ مراد اور جماعت اسلامی کے سیف الدین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
دوسری جانب کراچی کی 25 میں سے 16 ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں چیئرمین اور وائس چیئرمین بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ 9 ٹی ایم سیز میں بھی چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کل ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کیلئے کراچی کے تین ٹاؤنز میں راہ ہموار ہوگئی، پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار دستبردار کروادیے۔
پیپلز پارٹی نے شاہ فیصل ٹاؤن، مومن آباد، صدر ٹاؤن سے اپنے امیدوار دستبردار کروائے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے تینوں ٹاؤنز میں اکثریت حاصل کی تھی، تینوں ٹاؤنز کے منتخب چیئرمین پہلے ہی فارورڈ بلاک کا حصہ بن چکے ہیں۔
Comments are closed.