امریکہ کی ریاست پنسلوینیا میں دیوالی پر عام تعطیل کا اعلان

وہائٹ ہاوس

،تصویر کا ذریعہWHITE HOUSE TWITTER HANDLE

،تصویر کا کیپشن

امریکی صدر بھی اپنے دفتر میں دیوالی کا تہوار مناتے ہیں

امریکی ریاست پنسلوینیا نے دیوالی کے دن سرکاری تعطیل کا ایک قانون منظور کیا ہے۔

سینیٹر نکِل ساول نے بدھ کو ٹوئٹ کیا ، ’سینیٹ نے متفقہ طور پر دیوالی کو سرکاری تعطیل کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ روشنیوں کے اس تہوار کو منانے والے تمام شہریوں کو خوش آمدید اور آپ ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔‘

ساول کا کہنا ہے کہ ’مندروں، کمیونٹی سینٹرز اور لوگوں کے گھروں میں ہر سال، دیوالی کا تہوار منایا جاتا ہے۔‘

ریاستی سینیٹر گریگ روتھمین اور سینیٹر نکِل ساول نے اس سال فروری میں پنسلوینیا کی سینیٹ میں دیوالی کو سرکاری تعطیل کے طور پر منظوری دلوانے کے لیے ایک بل پیش کیا تھا۔

ایک سرکاری بیان میں، روتھمین نے کہا، ’پنسلوینیا کے ہزاروں ہندو ہر سال دیوالی مناتے ہیں۔ دیوالی کو سرکاری تعطیل کے طور پر تسلیم کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم ثقافتی تنوع کا احترام کرتے ہیں۔‘ اس بل کو پنسلوینیا کی سینیٹ نے صفر کے مقابلے پچاس ووٹوں سے منظور کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنسلوینیا میں تقریباً دو لاکھ جنوبی ایشیائی باشندے رہتے ہیں اور ان کے لیے دیوالی کا تہوار خوشی کا موقع ہے۔ دیوالی اس سال 12 نومبر کو منائی جائے گی۔

نیو یارک میں عید اور دیوالی پر چھٹی ہوتی ہے

صرف پچھلے سال، نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے سنہ 2023 سے نیویارک شہر کے سکولوں میں دیوالی پر عام تعطیل کا اعلان کیا۔ یہاں عید پر بھی چھٹی کا اعلان کیا جاتا ہے۔

دیوالی کا تہوار نہ صرف انڈیا میں بلکہ پوری دنیا میں ہندو، سکھ، بودھ اور جین مذہب کے لوگ مناتے ہیں۔

اس دن لوگ رنگولی بناتے ہیں اور گھروں کو روشنیوں سے سجاتے ہیں۔ اس موقع پر پٹاخے بھی چلائے جاتے ہیں۔

سنہ 2021 میں دیوالی کی ایک جھلک امریکہ کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں دیکھی گئی جب پہلی بار وہاں دیوالی کی تھیم پر اینیمیشن کی گئی۔ یہ اینیمیشن 2 نومبر کی شام سے 4 نومبر کو دیوالی کے دن تک جاری رہا۔

امریکی صدر بھی اپنے دفتر میں دیوالی کا تہوار مناتے ہیں اور اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

پچھلے سال امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں دیوالی کے موقع پر ایک پروگرام کی میزبانی کی تھی۔ انہوں نے دیے جلا کر لوگوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر خاتون اول جل بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس بھی موجود تھیں۔

فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہ@SENATORSAVAL

،تصویر کا کیپشن

بہت سے ممالک میں دیوالی کو قومی تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے

دیوالی کی چھٹی کن ممالک میں؟

بہت سے ممالک میں دیوالی کو قومی تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس دن عام تعطیل ہوتی ہے۔

انڈیا کے علاوہ نیپال، سری لنکا، پاکستان، ملائیشیا، سنگاپور اور فیجی میں بھی یہ تہوار بڑی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔

دیوالی پر فیجی ،گیانا، ماریشس، میانمار، سُری نام، سری لنکا اور نیپال میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ کینیڈا، برطانیہ، تھائی لینڈ، ملائیشیا میں بھی دیوالی بڑی دھوم دھام سے منائی جاتی ہے، حالانکہ یہاں عام تعطیل نہیں ہوتی۔

BBCUrdu.com بشکریہ