الیکشن کمیشن پر مسلسل لفظی حملے کرنے والی پی ٹی آئی نے ایک اور یوٹرن لے لیا، تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کی تعریف کر دی، کہا کہ تمام تر دباؤ کے باوجود جس طرح الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا وہ قابلِ تعریف ہے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھا ہے کہ آپ نے آر اوز دینے سے جو انکار کیا ہے وہ مناسب نہیں، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آر اوز سے انکار کرنا سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف ہے، الیکشن کے لیے آر اوز کے طور پر جوڈیشل افسران دیے جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری الیکشن کمیشن پر تنقید رہی ہے، عمران خان پر اس وقت 83 کیسز ہیں، کیسے ممکن ہے کہ ایک بندہ اتنے کیسز میں پیش ہو سکے۔
فوادچوہدری نے کہا کہ ابھی اس خون کا حساب دینا ہو گا، عوام کی نظریں دو ہی اداروں پر ہیں، ایک سپریم کورٹ اور دوسرا الیکشن کمیشن۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت پر جعلی مقدمات بنائے جا رہے ہیں، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے درخواست کریں گے کہ سب کو یکساں موقع فراہم کیا جائے، الیکشن تو ہم نے لڑنا ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جیسے الیکشن کمیشن نے تمام تر دباؤ کے باوجود الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا وہ قابلِ تعریف ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ محسن نقوی، آئی جی اور سی سی پی او لاہور کے ہاتھ معصوم شخص کے خون سے رنگے ہیں۔
Comments are closed.