پاکستان مسلم لیگی ایم این اے افضل کھوکھر کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق پیش کردی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ن لیگی رہنما افضل کھوکھر نے تحریک استحقاق پیش کی، اس دوران افضل کھوکھر نے کہا کہ بتایا جائے حکم امتناع کے باوجود میرے گھر پر لاہور انتظامیہ نے حملہ کیوں کیا، میرے گھر میں خواتین اور بچے موجود تھے انہیں ہراساں کیا گیا، میرے بنیادی حقوق اور استحقاق کو مجروح کیا گیا۔
افضل کھوکھر کا کہنا تھا کہ میری بیٹیوں اور بہنوں کو گھر سے نکالا گیا، جو زمین لی گئی ہم اس کے چوتھے خریدار ہیں، قبضے والی زمین پر بہن اور بیٹیوں کے گھر نہیں بنائے جاتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ساری کارروائی کے پیچھے سیاسی مقاصد تھے، میرے گھر کے اردگرد گھر گرادیئے گئے، ڈی سی لاہور ، پولیس اور ایل ڈی اے نے توہین عدالت کی۔
افضل کھوکھر نے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ لاہور انتظامیہ کے خلاف تحریک استحقاق کی کارروائی کی جائے، میرا معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر بنی گالا 12لاکھ میں گھر ریگولرائز کیا گیا تو ہمارا کیا قصور ہے، بنی گالا اور زمان پارک کی بھی انکوائری کرائی جائے، میں نے سرکاری فنڈز سے مشینیں لے کر نہیں دیں، یہ جو بھی کرلیں ہم اپنی وفاداریاں تبدیل نہیں کریں گے۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے افضل کھوکھر کی تحریک استحقاق پر رولنگ محفوظ کرلی گئی ہے۔
Comments are closed.