بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اعجاز چوہدری نے سعد رضوی کی رہائی کو خوش آئند قرار دے دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کو خوش آئند قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی وسطی پنجاب کےصدر اعجاز چوہدری نے سعد رضوی کی رہائی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سعد رضوی کی رہائی خوش آئند ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی رپورٹ کے مطابق معاہدے کے مطابق 2260افراد کو رہا کیا گیا، سعدرضوی سمیت 400سے زائد افراد کو فورتھ شیڈول سے نکالا گیا۔

سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ پہلی فرصت میں سعد رضوی سے ملاقات کرنے جاؤں گا۔ امید ہے سعد رضوی ملکی سیاست میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 31 اکتوبر کو وفاقی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ٹی ایل پی اور حکومت کے مابین انتشار کو ختم کرنے کے لیے معاہدہ ہوا جس میں کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے مفتی منیب الرحمان نے بطور ضامن معاہدے کے لیے کردار ادا کیا، حکومت کی جانب سے شاہ محمود قریشی، اسد قیصر، علی محمد خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ٹی ایل پی آئندہ کسی لانگ مارچ یا دھرنے سے گریز کرے گی، جبکہ یہ آئندہ بطور سیاسی جماعت قومی دھارے میں شریک ہوگی اور اس کو کالعدم جماعتوں کی فہرست سے بھی نکال دیا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق حکومت کالعدم ٹی ایل پی کے گرفتار کارکنوں کو رہا کردے گی، دہشت گردی سمیت سنگین مقدمات کا سامنا کرنے والے کارکنوں کو عدالت سے ریلیف لینا ہوگا۔

بعد ازاں حکومت نے تحریک لبیک پاکستان، سعد رضوی اور اس جماعت کے دیگر 487 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے خارج کر کے شناختی کارڈز اور بینک اکاؤنٹس بحال کردیے تھے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے سربراہ تحریک لبیک پاکستان سعد رضوی سمیت دیگر کارکنوں کے خلاف 40 مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.