وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں پھر اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ ضلعی صحت اسلام آباد کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں 73 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد دارالحکومت میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 7 فی صد ہو گئی۔
محکمہ ضلعی صحت اسلام آباد نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے 1 ہزار 956 ٹیسٹ کیئے گئے۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 82 ہزار 779 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 779 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 277 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 24 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 1 ہزار 110 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 7 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 345 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 59 ہزار 685 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 31 ہزار 910 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 863 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 9 لاکھ 5 ہزار 430 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 46 ہزار 941 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 46 لاکھ 37 ہزار 171 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 48 ہزار 801 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 63 لاکھ 56 ہزار 499 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
Comments are closed.