مقبوضہ بیت المقدس: صہیونی ریاست اسرائیل نے فلسطین کے خلاف طویل جنگ کی دھمکی دی ہے جس کے بعد، اس تناظر میں دوسری جانب امریکیوں کو وہاں سے فوری طور پر نکل جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے خلاف دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنگ طویل بھی ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب لبنان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے امریکیوں کو جلد از جلد وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صہیونی وزیراعظم نے اپنی دھمکی میں کہا کہ حماس کے خلاف اسرائیل کی لڑائی مختصر وقت کے لیے نہیں ہوگی۔ برطانوی وزیراعظم کی موجودگی میں بات کرتے ہوئے بنیامین نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ یہ ایک طویل جنگ ہوگی اور ہمیں آپ (برطانیہ اور امریکا سمیت یورپی ممالک) کی مسلسل حمایت چاہیے ہوگی۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر مسلسل حملوں کو 13 دن ہو چکے ہیں، اس دوران اسرائیلی حملوں اور بم باری میں ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے، جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں جب کہ بے گھر ہونے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ علاوہ ازیں زخمیوں کی تعداد شمار کرنا فی الحال ممکن نہیں۔
Comments are closed.