اتوار 13؍رجب المرجب 1444ھ5؍فروری 2023ء

اسرائیل اور سوڈان امن معاہدے کیلئے تیار، واشنگٹن میں دستخط ہوں گے

اسرائیل اور سوڈان نے امن معاہدے کا مسودہ تیار کرلیا ہے جس پر اسی سال واشنگٹن میں دستخط ہوں گے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ ایلائی کوہن سوڈان کا دورہ مکمل کرکے تل ابیب واپس پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خرطوم کا دورہ امریکا کی رضامندی سے کیا تھا اور معاہدے پر دستخط کی تقریب اس وقت واشنگٹن میں ہوگی جب سوڈان میں اقتدار سویلین حکومت کو منتقل کر دیا جائے گا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سوڈان کا دارالحکومت خرطوم اسرائیل میں اس وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے کیونکہ یہیں پر عرب ممالک نے ’تین تاریخی انکار‘ کیے تھے، یعنی ’اسرائیل کے ساتھ کوئی امن نہیں ہوگا، اسرائیل سے مذاکرات نہیں ہوں گے اور اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم سوڈانی عوام کے ساتھ نئی حقیقت تعمیر کر رہے ہیں جس میں یہ تین انکار، تین ہاں میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

’اسرائیل سے مذاکرات بالکل ہوں گے، اسرائیل کو بالکل تسلیم کیا جائے گا اور دونوں ممالک اور ان کی عوام کے درمیان امن ضرور قائم ہوگا۔‘

دورے میں اسرائیلی وزیر خارجہ نے سوڈان کی برسراقتدار خودمختار کونسل، جنرل فتح البرہان اور سینئر حکام سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دونوں ریاستوں کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کے مراحل پر بات چیت کی۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دورہ سوڈان سے اس اہم اسٹریٹجک مسلم ملک کے ساتھ تاریخی امن معاہدے کی بنیاد رکھ دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوڈان اور اسرائیل کے مابین امن معاہدہ علاقائی سلامتی کو فروغ دے گا اور اسرائیل کی قومی سلامتی میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امن معاہدے سے افریقا کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا موقع ملے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.