سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے نئے وزیر خزانہ شوکت ترین کی ملکی معیشت سے متعلق رائے مسترد کر دی۔
اسد عمر نے کہا کہ شوکت ترین نے ملکی معیشت کا جو تجزیہ پیش کیا ہے وہ اس سے بالکل اتفاق نہیں کرتے، کابینہ کے اجلاس میں وہ شوکت ترین سے بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں ملکی معیشت درست سمت میں گئی ہے ، ترقی کی شرح اور سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔
علاوہ ازیں سکھر میں کامیاب جوان پروگرام سے متعلق تقریب سے خطاب میں انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کی خدمت نہیں کرنے دیتی۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ وفاق صوبے میں خدمت کرنے کی کوشش کرتا ہے تو پی پی حکومت رکاوٹیں ڈالتی ہے۔
یاد رہے کہ شوکت ترین نے وزیر بننے سے چند روز پہلے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ گفتگو میں کہا تھا کہ کچھ نہیں پتا معیشت کس سمت میں جارہی ہے، ہمیں اپنا گھر ٹھیک کرنا پڑے گا، جہاز کے کپتان کو مضبوط ہونا پڑے گا ورنہ کشتی آگے نہیں بڑھے گی۔
Comments are closed.