مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ خود کو خطرے میں ڈال کر وطن واپس آنے کا فیصلہ (ن) لیگ کا شیوا ہے، یقین ہے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے ملکی معیشت کو ٹریک پر لانے میں مدد ملے گی۔
ملک نور اعوان نے ٹوکیو میں مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک یونس کی جانب سے پارٹی ارکان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی جانب سے سینیٹر اسحاق ڈار کی گرفتاری کے وارنٹ کو معطل کیے جانے سے انصاف کی شمع روشن ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے اسحاق ڈار عدالت کو بھی مطمئن کر کے نہ صرف اپنی بے گناہی ثابت کریں گے بلکہ 22 کروڑ عوام کی معیشت کی بہتری کی امیدوں پر بھی پورا اتریں گے۔
ملک نور اعوان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں مسلسل گراوٹ سے اوور سیز پاکستانی شدید مایوسی کا شکار ہیں یقین ہے کہ اسحاق ڈار اپنی قابلیت اور تجربے سے پاکستان کی گرتی ہوئی معیشت کو دوبارہ ٹریک پر ڈالنے میں کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر (ن) لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا کہ پوری قوم کو میاں نواز شریف، اسحاق ڈار اور شہباز شریف پر اعتبار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں (ن) لیگ کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کا کریڈٹ اسحاق ڈار کو ہی جاتا ہے۔
اس موقع پر یوتھ ونگ جاپان کے صدر ملک ارشد نے کہا کہ وہ نہ صرف جاپان بلکہ فلپائن میں بھی یوتھ ونگ کو متحرک کررہے ہیں۔ ان کی کوشش ہے یوتھ ونگ بھی مسلم لیگ (ن) کا بہترین اثاثہ ثابت ہو جو اپنے قائد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرسکے۔
Comments are closed.