پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کی آرمی ہاؤس راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، بارڈر مینجمنٹ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں موجودہ سیکیورٹی ماحول میں بہتری کے لیے میکنزم بہتر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانا ضروری ہے۔
قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے افغان عوام کے لیے پاکستان کی روایتی حمایت کو سراہا۔
امیر خان متقی نے کہا کہ علاقائی استحکام اور خوش حالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ نے افغانستان کے عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور افغانستان میں امن اور ترقی میں پاکستان کی سہولت کاری کو تسلیم کیا۔
پاک فوج کے سربراہ اور قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مستحکم، پُر امن اور خوش حال افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
Comments are closed.