پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما عطا اللّہ تارڑ نے کہا ہے کہ آج کسی ووٹر کو روکا یا تنگ نہ کیا جائے، ورنہ انہیں پنجاب میں نوکری نہیں کرنے دیں گے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما عطا اللّہ تارڑ نے حساس پولنگ اسٹیشن گوندکے کا دورہ کیا۔
پولنگ اسٹیشن کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے جمع ہونے پر عطا اللّہ تارڑ نے اعتراض کیا جبکہ پولنگ اسٹیشن کے باہر پی ٹی آئی اور نون لیگ کے کارکنوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔
رہنما مسلم لیگ نون عطا اللّہ تارڑ نے ڈی پی او سیالکوٹ عبدالغفار قیصرانی سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ اور جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔
عطا اللّہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ حلقے کا سکون قائم رہنے دیا جائے ورنہ خود روکیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کابندہ پولنگ اسٹیشن کے ممنوعہ ایریا میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کررہا ہے جبکہ میری درخواست پر سیکیورٹی اہلکاروں نے پی ٹی آئی کے بندے کو پولنگ اسٹیشن سے ہٹادیا۔
عطا اللّہ تارڑ نے کہا کہ گزشتہ ضمنی الیکشن میں گوند کے میں فائرنگ سے دو کارکنوں کو قتل کیا گیا تھا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میں آزاد شہری ہوں حلقہ میں کہیں بھی جا سکتا ہوں، ووٹ ڈالنے کی شرح اب تک کافی حوصلہ افزا ہے۔
رہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ اُمید ہے شام تک ٹرن آؤٹ پہلے سے بہتر ہوگا، ہم پُرامن لوگ ہیں دنگا فساد نہیں کرنے دیں گے۔
عطا اللّہ تارڑ نے مزید کہا کہ باجی فردوس، حکومتی وزیر اور مشیر حلقہ میں آئے تو آر او کو ان کی گرفتاری کی درخواست دیں گے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ کا آغاز ہو گیا، پولنگ آج صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
حلقے میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار ہے، جبکہ کل 360 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 47 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دے کر اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
14 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دے کر بی کیٹیگری میں جبکہ 137 پولنگ اسٹیشنز سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔
اے کیٹیگری کے 47 پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔
Comments are closed.