نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا، اسٹاف لیول معاہدے کے بعد امید ہےآئی ایم ایف کا ایگزیکٹیو بورڈ بھی جلد منظوری دے گا۔
شمشاد اختر نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پر نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت نے آتے ساتھ ہی اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پر عملدرآمد کیا، آئی ایم ایف نے مالیاتی استحکام پر زور دیا ہے، مالی استحکام کے لیے ترقیاتی کاموں کو روکا نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت میں بہتری آنا شروع ہو گئی، مہنگائی میں بھی کمی ہونا شروع ہو گئی ہے۔
نگراں وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس وصولی پر نظر رکھی اور اس میں بہتری آئی، رواں مالی سال کے بجٹ پر مکمل عملدرآمد کیا۔
شمشاد اختر نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کی جائے گی، محصولات کو بڑھایا جائے گا، ترقیاتی کاموں کے لیے پبلک انویسمنٹ پلان شروع کیا جائے گا۔
نگراں وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ غریبوں کے لیے سماجی نیٹ ورک کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
شمشاد اختر نے کہا کہ93 لاکھ غریب خاندانوں کی مالی امداد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کےشعبوں میں بہتری کےلیے اقدامات کیے جائیں گے، ڈسکوز کی انتظامیہ کو نجی شعبے کےحوالے کیا جائے گا، پاور ڈویژن نے بجلی چوری روکنے کےلیے اچھا کام کیا ہے۔
نگراں وزیر خزانہ نے بتایا کہ ملک میں مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ جاری رہے گا، زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھایا جائے گا، آئی ایم ایف نے بینکوں کے مالی استحکام کےلیے مزید اقدامات کا کہا ہے۔
Comments are closed.