پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جیسے جعلی ماہرین کو بزرگ نیم حکیم خطرہ جان قرار دیتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب نے جس شعبے کا خود کو عظیم ماہر دکھایا اس کا بیڑہ غرق ہوگیا۔
انھوں نے کہا کہ عمران صاحب نے ماہرِ ماحولیات بننے کی کوشش کی، عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں انہیں مدعو کرنا بھی گوارا نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلین ٹری کرپشن سونامی الگ لیکن جو درخت لگائے وہ بھی غائب ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب نے ماہرِ معاشیات بننے کی کوشش کی اور معیشت کا جنازہ نکال دیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماہرِ معاشیات عمران صاحب نے 5.8 فیصد پر ترقی کرتی معیشت کو منفی 0.4 پر دفن کردیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کی مہارت نے کارخانوں کو تالا لگادیا، 70 فیصد آبادی خطِ غربت سے نیچے چلی گئی۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ماہرِ معاشیات عمران صاحب نے اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیا، ان کی مہارت نے ڈالر 160 روپے پر پہنچادیا۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ قوم کو بے روزگاری کی دلدل میں پھینک دیا گیا، عمران صاحب نے قوم کو لنگر خانے پر بٹھا کر غریبوں کی بھوک اور افلاس کا مذاق بنایا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے کینسر کے غریب مریضوں سے مفت دوائی، عوام سے مفت علاج چھین لیا، عمران صاحب کو پتہ ہونا چاہیے کہ ملک کی ترقی لنگرخانے نہیں کارخانے لگانے سے ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہر فلاحی مملکت عمران صاحب نے غربت کے خاتمے کا یہ نادر علاج ڈھونڈا، عمران صاحب نے 22 کروڑ عوام کے لئے کھانا بانٹنے والے 2 ٹرک مختص کردیے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ماہر پبلک ٹرانسپورٹ عمران صاحب نے 126 ارب میں بی آر ٹی کا انقلابی منصوبہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہرِ احتساب عمران صاحب نے خیبر پختونخوا میں 8 سال سے احتساب کمیشن کو تالا لگایا ہوا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماہرِ احتساب عمران صاحب نے ’نیب نیازی گٹھ جوڑ‘ کا سیاسی انتقام کا میگا پراجیکٹ شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب ہنڈی کے ذریعے پیسے بھجوانے کے ماہر بنے، عمران صاحب نے اپنے خفیہ 23 فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کا اب تک جواب نہیں دیا۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نے اربوں کھربوں روپے غیر قانونی فارن فنڈنگ سے منگوائے، اب عمران خان ریکارڈ چھپانے کے لیے ہر روز الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دیتے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب فارن پالیسی کے ماہر بنے اور پاکستان کی شہ رگ کشمیر کا سودا کردیا، ماہر امور خارجہ پالیسی عمران صاحب نے پاکستان کے بااعتماد دوستوں کو بدظن کردیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے عالمی نقشے میں انقلابی تبدیلی کرتے ہوئے جرمنی اور جاپان کی سرحدیں ملا دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کا ماہر بننے کی کوشش کی اور قرنطینہ کے دوران اجلاس منعقد کرتے ہیں۔
انھوں نے آخر میں کہا کہ ایسے جعلی ماہرین کو بزرگ نیم حکیم خطرہ جان قرار دیتے ہیں۔
Comments are closed.