سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ حکومت کے ماؤتھ پیس شہزاد اکبر الزامات لگانے میں شیر ہیں، ثبوت دینے کا وقت آتا ہے تو یہ بھاگ جانتے ہیں، اب ان کے شرمسار ہونے کا وقت آگیا ہے۔
لندن سے جاری اپنے ویڈیو بیان میں حسین نواز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف ڈیلی میل میں شائع ہونے والی خبر بے بنیاد تھی۔
انھوں نے کہا کہ ڈیوڈ روز کو سوچنا چاہیے تھا، وہ بغیر ثبوت کے کیسے سنگین الزامات عائد کرسکتے ہیں۔
حسین نواز کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر خود اعتراف کر چکے کہ یہ اسٹوری انھوں نے ڈیوڈ روز کو دی۔
انھوں نے کہا کہ ہتک عزت کیس کی ابتدائی سماعت میں اخبار کے وکلا نے تسلیم کیا کہ ان کے پاس ثبوت نہیں، عدالت نے الزامات کا جائزہ لے کر اسے ہتک عزت کا سنجیدہ کیس قرار دیا ہے۔
حسین نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کے ماؤتھ پیس شہزاد اکبر الزامات لگانے میں شیر ہیں، ثبوت دینے کا وقت آتا ہے تو یہ بھاگ جانتے ہیں، اب ان کے شرمسار ہونے کا وقت آگیا ہے۔
سابق وزیراعظم کے صاحبزادے نے کہا کہ پناما سے اقامہ نکال کر بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزیراعظم کو برطرف کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ کیس میں خود عدالت نے کہا کہ کرپشن نہیں ہوئی، اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی سب کے سامنے ہے۔
حسین نواز نے کہا کہ العزیزیہ کیس میں جج ارشد ملک کا قصہ سامنے آگیا، یہ ہے حقیقت، ان ثبوتوں کی جن کی بنا پر الزامات لگائے جاتے ہیں۔
Comments are closed.