امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں خیبر پختون خوا سے 3 امیدواروں کے نام فائنل کیئے ہیں۔
اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے بتایا کہ پروفیسر عطاء الرحمٰن، ڈاکٹر امجد اقبال خلیل اور امینہ جدون جماعتِ اسلامی کی جانب سے سیینٹ کے امیدوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن 2018ء کے ویڈیو اسکینڈل کی تصویر نامکمل ہے، پیسے لینے والوں کے نام بتائے گئے، دینے والوں کے نام بھی بتائیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا اور سیاست خاندانوں اور شخصیات کے گرد گھومتی ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل اقتدار میں رہنے والی جماعتیں مسائل کی ذمے دار ہیں، پی ٹی آئی نے ان مسائل میں اضافہ کیا۔
دوسری جانب جماعتِ اسلامی خیبر پختون خوا کے ترجمان کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیے جنرل نشست پر سابق رکنِ قومی اسمبلی مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کو نامزد کیا گیا ہے۔
ترجمان جماعتِ اسلامی خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر سابق ضلع نائب ناظم پشاور ڈاکٹر محمد اقبال خلیل کو نامزد کیا ہے۔
جماعتِ اسلامی خیبر پختون خوا کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ خواتین کی مخصوص نشست پر سابق رکنِ قومی اسمبلی عنایت بیگم کو نامزد کیا گیا ہے۔
جماعتِ اسلامی خیبر پختون خوا کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سینیٹ کے لیے اقلیتوں کی نشست پر اقلیتی ونگ کے صوبائی صدر جاوید گل نامزد ہیں۔
Comments are closed.