ہفتہ5؍شعبان المعظم 1442ھ 20؍مارچ 2021ء

بیٹی کی منگنی کے معاملے پر شاہد آفریدی فیملی کا موقف

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے بیٹی کی منگنی کے معاملے پر شاہد آفریدی کی فیملی کا موقف سامنے آگیا ہے۔

شاہد آفریدی فیملی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی فیملی نے بیٹی کا رشتہ مانگا ہے، دونوں خاندانوں کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں لیکن منگنی کی تقریب کیلئے کچھ وقت مانگا گیا ہے۔

جیونیوز سے گفتگو میں شاہد آفریدی فیملی نے مزید کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کے رشتے کے سلسلے میں گزشتہ دو سال سے بات چیت چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ شاہین شاہ آفریدی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور شاہد آفریدی کی بیٹی پڑھ رہی ہیں، اس لیے منگنی کا باضابطہ اعلان کچھ عرصے بعد کیا جائے گا۔

شاہد آفریدی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دو سال میں منگنی اور شادی کی تقاریب ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خان آفریدی سوچ سمجھ کر اس بارے میں باضابطہ اعلان کریں گے۔

شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے درخواست کی ہے کہ اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی کے والد ایاز خان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ دونوں خاندانوں کے دیرینہ تعلقات ہیں، شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے رشتے پر رضامندی ظاہر کی ہے، منگنی کی رسم جلد ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.