بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، ظہیر جنجوعہ

بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت اور ان کے مسائل کا فوری تدارک ہماری اولین ترجیح ہے۔

یہ بات سفیر پاکستان برائے بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپین یونین ظہیر اسلم جنجوعہ نے وزیراعظم عمران خان کے احکامات کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے منعقد کی جانے والی پہلی آن لائن کچہری کے انعقاد کے موقع پر کہی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا کہ کورونا وباء کی موجودگی کے باوجود ہمارا آج اس پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا سفارتخانہ اور دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے درمیان ایک مظبوط تعلق کی نشاندہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ سال کورونا وباء کے باوجود سفارتخانہ قونصلر امور انتہائی خوش اسلوبی سے انجام دیتا رہا ہے حالانکہ اس دوران دیگر دفاتر میں وباء کے باعث کام بند ہوچکا تھا۔

کورونا وبا کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے نئے اور سہل ضابطہ کار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سفارتخانے نے وباء کے دوران ایک افسر کو بطور فوکل پرسن بھی متعین کیے رکھا جو چوبیس گھنٹے ہر قسم کی ایمر جنسی میں بیرون ملک پاکستانیوں کی مدد کے لیے دستیاب رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وباء کے دوران سفارتخانہ مقامی حکومتوں اور امیگریشن حکام سے بھی مستقل رابطے میں رہ کر بیرون ملک پاکستانیوں کی مدد کر رہا ہے۔

سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ سفارتخانہ وباء کے دوران بیلجیم اور لکسمبرگ کی مختلف جامعات میں زیرِ تعلیم طلبہ سے بھی مستقل رابطے میں ہے۔

کچہری کے دوران سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ نے کمیونٹی ممبران سے دوستانہ ماحول میں گفتگو کی۔

اس دوران سفارتخانے کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران بھی موجود تھے تاکہ تمام شکایات اور مسائل کا ممکنہ حل فوری طور پر تلاش کیا جا سکے۔

کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی طلبہ نے اس ای-کچہری میں شرکت کی اور سفارتخانہ کے اقدامات کو سراہا۔

کچہری کے اختتام پر سفیر پاکستان نے تمام کمیونٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا اور ہر ماہ اس طرح کی ملاقاتوں کے انعقاد کا اعلان بھی کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.