مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کہتی ہیں کہ ایک نالائق کو بچانے کے لیے سارے حربے استعمال کیئے جا رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ جہاں جہاں عوام کی طاقت ہوگی وہاں نون لیگ کو شکست دینا نا ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ نالائق اور نا اہل کو بچانے کے لیے انصاف کے نظام کو جھونکا جا رہا ہے، ویڈیو بنانے، پیسے دینے اور لینے والے یہ خود ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو توڑنے کی تاریخی کوشش ہوئی، نون لیگ نہیں ٹوٹی، حکمرانوں کی اصلیت عوام کے سامنے کھل کر سامنے آ گئی۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کے دہرے نظام کے خلاف ہم آواز اٹھا رہے ہیں، پی ڈی ایم خفیہ رائے شماری کو بالکل سپورٹ نہیں کرتی۔
مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا مزید کہنا ہے کہ گلی گلی، محلے محلے میں آٹا اور بجلی چور کی آوازیں لگ رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ الیکشن اصلاحات ضرور کریں گے، پی ڈی ایم بھی یہی چاہتی ہے، تاہم قانون سازی بندۂ تابعدار کے ساتھ بیٹھ کر نہیں ہو سکتی۔
واضح رہے کہ مریم نواز گوجرانوالہ کے این اے 75 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں نکالی جانے والی نون لیگ کی ریلی میں شرکت کریں گی۔
نون لیگ کے ذرائع کے مطابق مریم نواز بذریعہ موٹر وے قلعہ کالر والا پہنچیں گی، جہاں سے ریلی کا روٹ ستراہ اور پھر دھرمکوٹ چوک ہو گا، دھرم کوٹ چوک سے ریلی منڈے کی چوک، پھر ڈسکہ پہنچے گی۔
ستراہ، دھرم کوٹ اور منڈےکی میں مریم نواز کا مختصر خطاب بھی ہوگا، جبکہ ڈسکہ شہر میں وہ جلسے سے خطاب کریں گی۔
نون لیگ کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جلسے کے بعد مریم نواز کے سیالکوٹ جانے کا بھی امکان ہے، جہاں وہ منشاء اللّٰہ بٹ اور خواجہ آصف کے گھر جائیں گی۔
Comments are closed.