
سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات کیخلاف کیس کی سماعت میں الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں دوبارہ پولنگ کیلئے مختص بجٹ کی تفصیلات اور 23 ، 25 فروری کی سماعت کا ریکارڈ جمع کرا دیا۔
سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ کر رہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ڈسکہ میں دوبارہ پولنگ کے لیے ایک کروڑ 91 لاکھ 78 ہزار کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، ڈسکہ میں دوبارہ پولنگ کے لیے مختص بجٹ 25 فروری کو جاری کیا گیا ہے۔
جسٹس عمرعطا بندیال نے کیس میں کہا کہ ویڈیو لنک پر نوشین افتخار کے وکیل سلمان اکرم راجا کو سنیں گے، مگر ویڈیو لنک ابھی موجود نہیں ہے تو ہم علی اسجد ملہی کے وکیل شہزاد شوکت کو سن لیتے ہیں۔
تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی کے وکیل نے سپریم کورٹ میں دلائل دیئے ۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اسجد ملہی نے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت سے رجوع کیا ہوا ہے۔
Comments are closed.