وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری ہے، یہ ایک دوسرے کے خیر خواہ نہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن لانگ مارچ یا شارٹ مارچ کرے، ہمیں کوئی پرواہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن کے بیانیے کو مسترد کر چکی ہے، اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری ہے، یہ ایک دوسرے کے خیر خواہ نہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے، تحریک انصاف ہمیشہ سے انتخابی اصلاحات کی حامی رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ الیکشن میں اوپن ووٹنگ کی بات کی، چارٹر آف ڈیمو کریسی میں اپوزیشن نے اوپن ووٹنگ کی بات کی۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ سیاسی استحکام نہ ہونے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اداروں کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کر رہی ہے، ایوان میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، تحریک انصاف عوام کی فلاح و بہبود اور اصولوں کی سیاست پر گامزن ہے، پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ سابقہ فاٹا سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو علاقے ماضی میں نظرانداز ہوئے ان کیلئے عملی طور پر اقدامات کررہے ہیں، سابقہ فاٹا کے علاقوں کیلئے بھی وزیراعظم نے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فاٹا کا انضمام کردیا، یہ آسان کام نہیں تھا، وزیراعظم نے سابقہ فاٹا کیلئے 100ارب سالانہ کا بجٹ دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا ملکی سیاست کا مقصد ذاتی مفادات کا تحفظ ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے بیرون ملک اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ ادارے کسی بھی ریاست کا ستون ہوتے ہیں، اپوزیشن نے اداروں کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے عالمی معیشت متاثر ہوئی، ہماری حکومت نے کورونا وباء کے دوران مثبت اقدامات کیے۔
Comments are closed.