امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان بلدیاتی قانون کے خلاف بطور احتجاج شارع فیصل بند کرنے کا اشارہ دے دیا۔
جماعت اسلامی کے تحت سندھ اسمبلی کے سامنے متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف تیرہویں دن بھی دھرنا جاری رہا۔
دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے بلدیاتی قانون کے خلاف شارع فیصل پر دھرنا دینے اور اسے بلاک کرنے کا اشارہ دیا اور کہا کہ رات تک تاریخ اور جگہ کا اعلان کیا جائے گا۔
اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ جاگیر داروں سے ٹیکس لیتے نہیں، صرف غریب سے رقم بٹور رہے ہیں، ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، کل بھی جاگیرداری تھی آج بھی جاگیرداری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وڈیروں والی سیاست کرنا چاہتی ہے، ایک وڈیرہ کسی صورت نہیں چاہتا کہ اختیارات کسی اور کے پاس جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو روٹی کپڑا اور مکان نہیں بلکہ بے روزگاری، بھوک اور کفن دیے ہیں، سندھ کا بلدیاتی نظام اختیارات کو وزیراعلیٰ تک محدود کرتا ہے۔
دھرنے میں دوپہر کے اوقات میں خواتین کا سیشن ہوا، جس میں بچے بھی شریک ہوئے۔
Comments are closed.