بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مراد علی شاہ کی تاحیات نااہلی کی درخواست، سماعت ملتوی

سندھ ہائی کورٹ نے وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تاحیات نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔

دورانِ سماعت اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ شہر یار مہر نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم نامے کی کاپی جمع کرا چکے ہیں، مراد علی شاہ نے دہری شہریت واپس کر دی تھی، سپریم کورٹ نے مراد علی شاہ کو کلیئر قرار دیا تھا۔

شہر یار مہر نے بتایا کہ مراد علی شاہ 2014ء میں ضمنی انتخابات جیت کر منتخب ہوئے، انہوں نے 2018ء کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کی تھی، انتخابات سے قبل مراد علی شاہ کے کاغذاتِ نامزدگی بھی چیلنج کیئے گئے تھے۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ الیکشن ٹریبونل نے مراد علی شاہ کے خلاف درخواستیں مسترد کر دی تھیں، سندھ ہائی کورٹ نے 2018ء میں بھی مراد علی شاہ کی نا اہلی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2 مئی 2013ء کو سپریم کورٹ نے مراد علی شاہ کو نااہل قرار دیا، نااہلی کے باوجود مراد علی شاہ نے جامشورو سے 2014ء میں ضمنی الیکشن لڑا۔

درخواست میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تاحیات نااہل قرار دیا جائے۔

درخواست میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، الیکشن کمیشن پاکستان و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

عدالتِ عالیہ نے حکم دیتے ہوئے کہ جن مدعا علیہان نے جواب جمع نہیں کرایا وہ جمع کرائیں، کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.