بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت کالعدم TTP کو NRO دے رہی ہے: رانا ثناء اللّٰہ

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے حکومت پر کالعدم ٹی ٹی پی کواین آر او دینے کا الزام عائد کر دیا۔

لاہور کی انسدادِ منشیات کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کو این آر او دے رہی ہے، جس نے اے پی ایس کے بچوں کو شہید کیا۔

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اس حکومت کا انتقام بے نقاب ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اپوزیشن لیڈر کے ساتھ نہیں مولوی فقیر کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ وزراء کو شرم آنی چاہیئے، کہتے ہیں کہ ٹی ٹی پی والے آئین سے وفا داری کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 52 روپے کلو والی چینی 115 روپے کلو پر پہنچ گئی ہے، ملک کو معاشی طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، ڈالر 170 روپے سے بڑھ گیا ہے۔

لاہور کی انسدادِ منشیات کی عدالت نے مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت نے ملک کو اخلاقی، سیاسی اور معاشی تباہی سے دو چار کر دیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ عوام کٹھ پتلی حکومت کو فارغ کرنے کے لیے پی ڈی ایم کا ساتھ دیں، اپنی آواز اپوزیشن کی آواز کے ساتھ ملائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.