سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن کے مطابق بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث حادثہ پیش آیا۔
کراچی کے قریب نوری آباد ایم نائن موٹر وے پر بس اور ٹرک کی ٹکر کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثےمیں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق کراچی کے علاقے انچولی سے ہے، بس کراچی سے خیر پور جا رہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس جائے حادثہ پر پہنچی جس نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق بس ڈرائیور کا اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ نہ رکھنا اس حادثے کی وجہ بنا۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق حادثے کے وقت 1 شخص جاں بحق، 4 افراد شدید زخمی اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
موٹر وے پولیس نے ایمبولینس کے ذریعے تمام زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں شدید زخمی ہونے والے 4 افراد طبی امداد کی فراہمی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد میں سے 4 کی میتوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کوٹری تعلقہ اسپتال سے کراچی انچولی امام بارگاہ کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.