کراچی میں رات گئے ڈیڑھ گھنٹے تک ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد کراچی کی زیادہ تر سڑکوں پر جمع پانی اتر گیا۔
نیپا چورنگی، سفاری پارک، سرجانی ٹاؤن، شاہراہِ فیصل، مسیحی قبرستان، نیو ٹاؤن، لیاقت آباد سپر مارکیٹ، ڈاک خانہ، جوہر چورنگی، عائشہ منزل، گارڈن سمیت متعدد علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
شہر میں بارش کے بعد کے ایم سی کا عملہ بھی متحرک ہو گیا جس نے نیپا پل کے نیچے سے ہیوی پمپنگ مشین کی مد سے پانی نکال دیا۔
سفاری پارک کے سامنے بھی کے ایم سی کا عملہ پانی کی نکاسی کر رہا ہے۔
شاہراہِ فیصل سے برساتی پانی اتر گیا جس کے بعد اس سڑک پر کہیں بھی بارش کا پانی جمع نہیں ہے۔
لیاقت آباد سپر مارکیٹ، گلشنِ اقبال 13 ڈی، قیوم آباد چورنگی سمیت کچھ مقامات پر بارش کا پانی جمع ہے۔
تین ہٹی پل، جہانگیر روڈ، ایم اے جناح روڈ پر چند مقامات پر اب بھی پانی موجود ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
رات بارش شروع ہوتے ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، کچھ علاقوں کی بجلی بحال ہو گئی اور کہیں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔
محکمۂ موسمیات نے کراچی میں 11 ستمبر تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
Comments are closed.