جمعہ9؍ شوال المکرم 1442ھ21؍مئی 2021ء

غریب افراد سب سے زیادہ آٹے کی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں, وزیر اعظم عمران خان

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، وزیرِ خزانہ، وزیرِ برائے اقتصادی امور، گورنر اسٹیٹ بینک اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں، انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال، نظام کی شفافیت اور کسانوں کے استحصال کے خاتمے پر تبادلہ خیال ہوا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کاروباری برادری کی جانب سے معیشت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کا بھرپور خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے، بنیادی اشیائے ضروریہ میں غریب افراد سب سے زیادہ آٹے کی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں، تمام تر ضروری انتظامی اقدامات کو اس حوالے سے یقینی بنایا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ زیر غور تجاویز کو فوری طور پر حتمی شکل دے کر ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.