ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، رواں ہفتے مہنگائی میں صفراعشاریہ41 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 23 اشیائے ضروریہ مہنگی،7 سستی اور 21 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق چینی، ٹماٹر، پیاز، لہسن،آلو، آٹا، گھی سمیت 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 102 روپے اور 5 کلو خوردنی تیل کی قیمت 61 روپے 34 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق خوردنی تیل کی فی کلو قیمت پر 20 روپے 26 پیسے اور 5 کلو 61 روپے67 پیسے کا اضافے کے بعد 1 ہزار 637 روپےکا ہوچکا ہے۔
ادارہ شماریا ت کے مطابق رواں ہفتے کے دوران گھی کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 27 پیسے اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 8 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے آخر تک چینی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 4 پیسے کا اضافہ ہوا جو اب 103 روپے 69 پیسے میں دستیاب ہے۔
حالیہ ہفتے میں پیاز 2 روپے 92 پیسے، لہسن 5 روپے 95 پیسے فی کلو اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 5 روپے 28 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ہفتے میں جن اشیا ء کی قیمتیں بڑھی ہیں، ان میں مٹن، بیف، انڈے، دہی، خشک دودھ، چاول اور ماچس بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلا 7 روپے 27 پیسے، زندہ مرغی 6 روپے 66 پیسے، دال مونگ 1 روپیہ سستی ہوئی ہے۔
Comments are closed.