پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور، فیصل امین اور امین خان کی عبوری ضمانت میں 11 جنوری تک توسیع کردی۔
پی ٹی آئی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور، ان کے بھائی فیصل امین اور والد امین خان کے خلاف مقدمات کی تفصیل کے لیے کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد نے کی۔
سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ علی امین اور فیملی کی عبوری ضمانتیں خارج کی جائیں۔
وکیل درخواست گزار سکندر حیات شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ڈی آئی خان بنچ نے عبوری ضمانتیں منظور کی ہیں اور یہ ڈی آئی خان بنچ کا کیس ہے، لہٰذا تاریخ دے کر وہیں بھیج دیا جائے جبکہ موجودہ کیسز میں ضمانت میں بھی توسیع دی جائے۔
جس پر عدالت نے علی امین، فیصل امین اور امین خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرکے تینوں کو 11 جنوری کو ڈی آئی خان بنچ میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
عدالت نے حکومت کو 11 جنوری تک پی ٹی آئی کے تین رہنماؤں کو موجودہ مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی ان کے خلاف مقدمات کی تفصیل بھی طلب کی ہے۔
Comments are closed.