پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تعلقات کے 75 سال پور ے ہونے پر حکومت پاکستان نے خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے۔
نیدرلینڈز میں پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کے مطابق سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر حکومت کی جانب سے یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا گیا ہے۔
یادگاری ڈاک ٹکٹ کی تقریبِ رونمائی ڈچ وزارتِ خارجہ کے سیکرٹری جنرل پال ہوتس(Paul Huijts) اور سفیرِ پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ کی موجودگی میں ڈچ دفتر خارجہ میں منعقد کی گئی۔
اس سے قبل اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی اور پاکستان میں نیدر لینڈز کی سفیر، ہنی ڈی فرائز(Henny de Vries) نے 02 نومبر 2023 کو یادگاری ڈاک ٹکٹ کا باقاعدہ اجراء کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں سیکرٹری جنرل پال ہیوتس نے یادگاری ٹکٹ کے اجراء کو سراہا اور اس کو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور تجارتی تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سفیرِ پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے دونوں ممالک کے مضبوط دو طرفہ تعلقات اور ان میں بہتری کے لئے سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی متعدد کوششوں سے آگاہ کیا۔
اس خاص ڈاک ٹکٹ کو پاکستان کی ایک عالمی شہرت یافتہ آرٹسٹ، عائشہ خالد نے ڈائزین کیا ہے جو لاہور میں رہتی ہیں۔ انہوں اپنی ابتدائی تعلیم نیشنل کالج آف آرٹس، لاہور سے مکمل کی اور Rijksakademie ایمسٹرڈیم سے فنونِ لطیفہ میں اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے۔ ان کی ڈیزائن کردہ یادگاری ٹکٹ کو مختلف طبقا ت کی جانب سے سراہا گیا ہے۔
نیدرلینڈز میں تعینات پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کے مطابق، 2023 پاکستان اور نیدرلینڈز کے سفارتی تعلقات کے 75 سال پورے ہونے کی مناسبت سے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس سال سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ نے متعدد تقریبات کا انعقاد کیا۔ 1948میں پاکستان اور نیدر لینڈز کے مابین قائم ہونیوالے تعلقات اب مختلف شعبہ جات بشمول سیاسی، تجارت وسرمایہ کاری، سائنس او ر ٹیکنالوجی، تعلیم، واٹر منیجمنٹ، موسمیاتی تبدیلی اور بین الاقوامی اداروں میں دوطرفہ تعاون کا احاطہ کرتے ہیں۔
سفیر پاکستان کے مطابق نیدرلینڈز یورپی یونین میں پاکستانی برآمدات کے لئے دوسر ا بڑا تجارتی مرکز بھی ہے۔
Comments are closed.