جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

منشیات اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن: خاتون سمیت 7 ملزمان گرفتار

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 کارروائیوں میں 425 کلو منشیات برآمد کر کے خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور ایئر پورٹ پر 2 مسافروں کے ٹرالی بیگ سے ڈھائی کلو گرام آئس برآمد ہوئی ہے جبکہ کراچی میں کوریئر آفس سے برطانیہ کے لیے بُک پارسل سے 3 کلو ہیروئن اور 240 گرام آئس برآمد ہوئی ہے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ ٹی چوک راولپنڈی میں 1 کلو 40 گرام ہیروئن اور سوا کلو آئس برآمد کر کے خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے قریب رکشہ میں چھپائی گئی 66 کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، سپر ہائی وے پر دو انورٹرز میں چھپائی گئی 32 کلو 400 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا جبکہ جناح کالونی کے قریب ایک شخص کے بیگ سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نوشکی روڈ پر مستونگ کے ایک مکان سے 100 کلو چرس اور 200 کلو افیون برآمد ہوئی ہے، اس کے علاوہ زخہ خیل خیبر کے علاقے میں چھپائی گئی 9 کلو چرس اور طورخم کے غیر آباد علاقے سے 690 گرام آئس برآمد کی ہے۔

اے این ایف کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.