حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ امریکا اسرائیل کا ساتھ اس لیے دے رہا ہے کیونکہ وہ خود ایک دہشت گرد ریاست ہے، اس نے ہمیشہ دہشت گرد ریاستوں کی پشت پناہی کی اور اسی لیے وہ اسرائیلی بمباری کو درست قرار دے رہا ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ دہشت گرد ریاستوں کی پشت پناہی کی ہے، اسی لیے امریکا اسرائیل کے بم پھینکنے کو درست قرار دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے اہم مسئلہ فلسطین کا ہے، اسرائیل ہر سال سیکڑوں معصوم فلسطینیوں کو شہید کر رہا ہے اور لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر چکا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران اسرائیل نے دہشت گردی کر کے اب تک ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا۔
انہوں نے غزہ پر حملے پر مسلم ممالک کی خاموشی کو سوالیہ نشان قرار دیا اور کہا کہ مسلم ممالک سے سوال کرتے ہیں کہ کہاں ہیں ان کے حکمراں؟ مسجدِ اقصیٰ میں نماز پڑھنے والوں پر بھی تشدد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اس وقت واحد مزاحمت حماس کی ہے، جو سیلف ڈیفنس میں مقابلہ کر رہی ہے، غزہ میں لوگ شہید ہو رہے ہیں، بچوں کو قبروں میں اتارا جا رہا ہے، ہزاروں لوگ اس وقت اسرائیل کی جیلوں میں ہیں اور اسرائیل کی جانب سے مسلسل دہشت گردی جاری ہے۔
Comments are closed.