انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عثمان انور کا کہنا ہے کہ چینی پولیس کے تعاون سے پنجاب میں پولیسنگ کا معیار بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ دورہ چین کے دوران چین کے ڈپارٹمنٹ آف پبلک سیکیورٹی عہدیداروں سے ملاقات کی اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جیانگ سو نے پروونشل ڈپارٹمنٹ آف پبلک سیکیورٹی کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت بھی کی۔
اجلاس میں پاکستان اور چین کے درمیان پولیسنگ امور میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی پولیس حکام نے پنجاب پولیس کو وسائل، ٹریننگ، ماڈرن پولیسنگ پر ہر ممکن معاونت کرنے پر اتفاق کیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کی استعداد کار بڑھانے کےلیے باہمی تعاون بڑھایا جائے گا۔ چینی پولیس کے تعاون سے ایلیٹ فورس کو اپ گریڈ، جدید وسائل فراہم کیے جائیں گے جبکہ کرائم کنٹرول، جنرل پولیسنگ کا معیار بہتر بنانے کےلیے چینی پولیس معاونت کرے گی۔
عثمان انور نے یہ بھی کہا کہ سائبر سیکیورٹی سے متعلق معاملات میں پنجاب پولیس کو تعاون و جدید وسائل فراہم کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا، جرائم کے قلع قمع کےلیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مزید مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
Comments are closed.