منگل2؍ذیقعدہ 1444ھ23؍مئی 2023ء

بھارت مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری سے کیوں ڈرتا ہے؟ بلاول بھٹو زرداری

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے تو مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری سے کیوں ڈرتا ہے؟

ضلع باغ آزاد کشمیرمیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باغ کے عوام نے مودی کی جی ٹوئنٹی کانفرنس کا منہ توڑ جواب دیا، دہشتگرد وہ ہیں جنہوں نے گجرات میں دہشتگردی پھیلائی، اصل دہشتگرد تنظیمیں وہ ہیں جو بھارت میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو جینے نہیں دیتیں، امن کے لیے بھارت سے مذاکرات پر تیار ہیں۔

انہوں نے دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی بہن بھائیوں کو سرخ سلام، سرخ سلام ترکیے اور اردوان کو۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سرخ سلام ان تمام ممالک کو جنہوں نے نظریاتی مؤقف اپناتے ہوئے مودی کی دعوت کو انکار کیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کا شکرگزار ہوں دعوت ملنے کے باوجود مؤقف اپنایا کہ اس کانفرنس میں نہیں جائیں گے، جو ممالک شریک ہوئے ہیں وہ احتجاجاً شریک ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام جی 20 اجلاس کے خلاف بڑی تعداد میں یہاں احتجاج کیلئے موجود ہیں، اس عوامی اجتماع میں پاکستان اور کشمیر کے رہنما موجود ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین متنازع علاقے میں کسی بھی قسم کے جی 20 اجلاسوں کی مخالفت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کا نہیں، سب سے پہلے کشمیر کے عوام کا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں سے دنیا تسلیم کرچکی کشمیر متنازع علاقہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلواتا ہے، بھارت سب سے بڑی جمہوریت ہے تو کشمیریوں کیلئے رائے شماری سے کیوں ڈرتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ سیاحت کی کانفرنس کرانے والے کون ہوتے ہیں؟ کشمیر کی سیاحت کا فائدہ وہاں کے کشمیریوں کو ہی ملنا چاہیے، آدھے کشمیری جیل میں ہیں تو کس بات کی سیاحت کرانی ہے؟

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میرا نعرہ، آپ کا نعرہ، کشمیر کا نعرہ رائے شماری، رائے شماری، کشمیری عوام سے دھوکا نہ کیا جائے، کشمیر کے عوام رائے شماری کا ہتھیار استعمال کرتے ہوئے اپنا حق حاصل کریں گے، جی 20 کی میٹنگ بلائی جاتی ہے تو وہاں بھی رائے شماری کی بات ہوتی ہے، 70 سال ہوچکے ہیں ہمارا ایک ہی نعرہ ہے رائے شماری رائے شماری۔

انہوں نے کہا کہ میں ہر فورم پر سب سے پہلے کشمیر کی بات کرتا ہوں، ایس سی او کے فورم اور بھارتی میڈیا میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا، ہم چاہتے ہیں کشمیر کی ترقی اور فائدہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ سری نگر کے عوام کا بھی یہی مطالبہ ہوگا بس رائے شماری کرکے دکھائیں، سری نگر کے تمام مہمانوں کو بتانا چاہوں گا ہر کشمیری کے دل میں یہ آواز ہے، یہاں کے عوام خوف میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت سب مسلمانوں کو دہشتگرد سمجھتی ہے، دوسروں کو انتہاپسند قرار دینے والوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ کے سر کی قیمت لگائی، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آگیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قصائی کو قصائی کہنے پر پورے بھارت میں احتجاج کیا گیا، مودی کو قصائی کہنے میں بھارت کو اعتراض ہے، خطے کی ترقی میں کوئی رکاوٹ ہے تو وہ مودی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت جب تک اگست 2019 کا اقدام واپس نہیں لیتا اس سے بامقصد مذاکرات نہیں ہوسکتے، آپ کا اصل چہرہ بھارت کے اپنے کردار کی وجہ سے بے نقاب ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں ڈراما کرنے کی کوشش کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں سیاحت کا تماشا لگا ہوا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی تک پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.