بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بلاول اور مریم اسکروٹنی کمیٹی میں پیش نہیں ہو رہے: فرخ حبیب

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و وفاقی پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم صفدر پیش نہیں ہو رہے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و وفاقی پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر آخر کہاں چھپ کر بیٹھی ہوئی ہیں؟ وہ جھوٹوں کے ساتھ لاہور پریس کانفرنس کرنے چلی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اور بلاول بھٹو کو الیکشن کمیشن آکر بتانا چاہیئے کہ یہ ہیں وہ ذرائع، اسکروٹنی کمیٹی نے بینکوں سے بھی ریکارڈ منگوا لیا ہے، یہ لوگ ہمیشہ بڑے بڑے دعوے کر کے بھاگ جاتے ہیں، بلاول اور مریم صفدر الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی میں ضرور آئیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ بے نظیر شہید نے اپنی کتاب میں نواز شریف کی فارن فنڈنگ کا لکھا ہے، انہوں نے لکھا کہ نواز شریف نے فارن فنڈنگ کی بنیاد رکھی، بے نظیر شہید نے یہ بھی لکھا ہے کہ نواز شریف نے ان کی حکومت گرانے کے لیے اسامہ بن لادن سے 10 ملین ڈالر لیئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی کیا بات ہے، چھوٹے میاں چھوٹے میاں، بڑے میاں سبحان اللّٰہ، الیکشن کمیشن سے گزارش ہے کہ حافظ حسین احمد اور مولانا شیرانی کو بھی بلا لیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ یہ ملک میں ایک گینگ ہے جو فارن فنڈنگ پر ملک میں اپنی مہم چلا رہا ہے، مافیاز نے بڑی محنت کر کے ملک کو کرپٹ کیا جس کے خلاف وزیرِ اعظم عمران خان جنگ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے تحت سب ادارے تھے لیکن انہیں پھر بھی 2 این ار او دینے پڑے، ہمیں ملکی اداروں کی تباہی کی صورت میں چیلنجز ملے، ملک کے اداروں کی تباہی جہاں ہمیں ملی وہیں ہمیں کرپشن کا بھی چیلنج ملا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے بینکوں کو بھی لکھا اور بینکوں کا ریکارڈ بھی یہاں پہنچ چکا ہے، اگلے اجلاس میں معلوم ہو گا کہ بینکوں میں کس طرح انہوں نے پیسہ رکھا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان کا پیچھا کریں گے اور ان کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کروائیں گے، یہ ہمیں فارن فنڈنگ میں گرانا چاہتے تھے لیکن ہم انہیں بےنقاب کریں گے۔

فرخ حبیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ 4 سال سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے کیس کی اسکروٹنی چل رہی ہے، ہر اسکروٹنی کمیٹی کے اندر ان سے سوال ہوتا ہے کہ اکاؤنٹس میں پیسہ کیسے آیا؟

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.