تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم بڑی تحریک کے لیے تیار ہیں، آغاز کسی وقت بھی ہوسکتا ہے، 90 دن سے زیادہ نگراں حکومت کو بھی کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مفت آٹا فراہمی کی قطار میں ایک شخص جان سےچلا گیا، ملک کو آئی ایم ایف سے قرضہ ملنے کی امیدیں دم توڑتی جارہی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آپ کو عوام کو فیصلوں کا حق دینا ہوگا، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو پارلیمنٹ آنے کی اجازت نہیں، پارلیمنٹ ڈمی ہے، کسی رکن کی حیثیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل حسان نیازی کو کالے کوٹ میں اٹھایا گیا اور آج ہتھکٹری لگا کر پیش کیا گیا، حسان نیازی کو ایک جعلی پرچے میں اٹھایا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ جب ملک کی معیشت کے بارے میں بات کرنی چاہیے تو حکمران عمران خان پر پابندی لگانے کی بات کر رہے ہیں۔
Comments are closed.