جمعرات 23؍شعبان المعظم 1444ھ16؍مارچ 2023ء

بابر اعظم بادشاہ ہیں، میں وزیر ہوں، شاداب خان

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ بابر اعظم کے پاس بہت تجربہ ہے، انہوں نے بولرز کا اچھا استعمال کیا۔ بابر اعظم بادشاہ ہیں، میں وزیر ہوں۔

لاہور میں پشاور زلمی کے ہاتھوں پہلے ایلیمنیٹر میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہماری بولنگ میں پہلے 10 اوورز مہنگے پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ کے ابتدا میں ہماری باڈی لینگویج اچھی نہیں تھی، بولنگ اور بیٹنگ میں ہم نے کم بیک کیا لیکن پشاور زلمی کو کریڈٹ جاتا ہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 171 رنز بناسکی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی نے بولنگ بہت اچھی کی۔ ڈیتھ اوورز میں ریورس سوئنگ بھی ہوئی، پشاور زلمی کے پاس بولنگ آپشنز اچھے تھے۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ دو وکٹیں یکے بعد دیگرے گرنے سے میچ ہمارے ہاتھ میں نہیں آ سکا۔ ہم نے ایک پرفیکٹ ٹیم کھلائی لیکن ایونٹ میں ہم وہ حاصل نہیں کر سکے جو کرنا چاہیے تھا۔

کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ نے کہا کہ مجھ سے ایونٹ میں مس فیلڈنگ ہوئی، کیچز ڈراپ ہوئے۔ جب لیڈر ایسا کرے تو اس سے فرق پڑتا ہے۔ 

ایک سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ ہمارا ابھی کپتان بابر اعظم ہے، وہ آرام کر رہے ہیں۔ بابر بادشاہ ہیں، میں وزیر ہوں۔

افغانستان کے خلاف سیریز سے متعلق بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کپتان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں اچھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایشین کنڈیشنز میں اچھے ہیں۔ افغانستان کے خلاف اچھی سیریز ہوگی، ان کے کھلاڑی ہر جگہ لیگز کھیلتے ہیں۔ 

افغانستان کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان بننے کے بعد شاداب خان کا پہلا بیان آ گیا۔

شاداب خان نے کہا کہ تجربہ اہم ہوتا ہے لیکن نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملے گا جو اچھی چیز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے ٹیلنٹ کی وجہ سے بہت پرجوش ہوں۔ ہماری بینچ اسٹرینتھ مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جو مجھے آتا ہے کوشش کروں گا وہی کروں۔ نڈر کرکٹ کے ساتھ اسمارٹ کھیلنا ہوتا ہے یہی ماڈرن ڈے کرکٹ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ مجھ سے ٹیم کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.