وفاقی وزیر شازیہ مری نے خانگڑھ میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت بےنظیر ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ میں 6 ڈائنامک رجسٹری سینٹر بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ضلع مظفر گڑھ کے 3 لاکھ 21 ہزار سے زائد خاندانوں کو وظائف دیے جارہے ہیں اور بےنظیر ڈائنامک رجسٹری سینٹرز میں اب تک 8 لاکھ 72 ہزار سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ حکومت نے بےنظیر کفالت کی اگلی قسط کے لیے 78 ارب سے زائد کی رقم رکھی ہے اور سالانہ بجٹ 252 ارب روپے ہے۔
بعدازاں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں شہید بےنظیر بھٹو کے خواب کے مطابق پروگرام منزل پر آگے بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے لاکھوں گھرانوں کو انکم سپورٹ فراہم کر کے معاشی مدد کی۔ اس وقت کے سیاسی مخالفین نے اس پروگرام کو تنقید کا نشانہ بنایا حالانکہ اقوام متحدہ میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تعریف کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے حکمرانوں کے فیصلوں کی تباہی کے نتیجے میں پاکستان مستحکم نہیں ہو پارہا۔ مہنگائی سے پسے خاندانوں سے پوچھیں یہ پروگرام کیا ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ ہماری حکومت میں پروگرام کی سہ ماہی قسط میں 25 فیصد اضافہ ہونے جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی بدترین پالیسیوں سے عوام دیوار سے لگی ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ ہم یہیں پیدا ہوئے، یہیں جیئیں گے اور یہیں مریں گے۔ میرا بچہ انگلستان کی ہوائیں کھائے اور وسیب کا بچہ گرمی میں جلے، ایسا نہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ مسلط کرنے کے کئی تجربے ہوچکے ہیں، ایک شخص کرسی کے لیے بےچین ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ’عمران خان تم تو کہتے تھے خودکشی کرلوں گا، تم نے تو بدترین شرائط پر آئی ایم پروگرام سائن کرلیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ 6، 6 نشستوں پر الیکشن لڑنے والا نیازی لیکن اسمبلی نہیں جاتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پچھلے کیے گئے برے فیصلوں سے مہنگائی ہوئی، جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
شازیہ مری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کے دنوں میں بھی عوام کےلیے ریلیف پروگرام دیے، سیلاب متاثرین کےلیے 70 ارب روپے کی رقم دی۔
ان کا کہنا تھا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سہ ماہی قسط 25 فیصد زیادہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا ہم نے جن حالات میں ملک کو سنبھالا، ہم ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کےلیے کوششیں کر رہے ہیں۔
Comments are closed.