ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 20ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کے فخر زمان ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جس کے بعد مرزا بیگ اور عبداللّٰہ شفیق نے 50 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور 50 کے اسکور پر 17 رنز بنا کر مراز بیگ آؤٹ ہوگئے۔
سیم بلنگز نے 54 اور عبداللّٰہ شفیق نے 48 رنز کی اننگز کھیلیں اور ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔
اختتامی لمحات میں سکندر رضا نے 14، ڈیوڈ ویزے نے 15 اور شاہین آفریدی نے 9 رنز کی اننگز کھیلیں۔
ملتان کی جانب سے احسان اللّٰہ، انور علی، عباس آفریدی اور کیرون پولارڈ نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ ثمین گل نے ایک آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے بیٹر نے محتاط آغاز کیا، لیکن راشد خان کی بولنگ کے آگے سلطانز کے بیٹرز بےبس دکھائی دیے۔
کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، لیکن اس اسکور پر 19 رنز بنانے والے شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد 30 رنز بنانے والے محمد رضوان 64 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔
اسامہ میر 17، رائیلی روسوو 12، خوشدل شاہ 10 جبکہ ڈیوڈ ملر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کیرون پولارڈ نے 39 اور انور علی نے 17 رنز بنا کر لاہور قلندرز کے بولرز کے سامنے مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بےمعنی ثابت ہوئی اور سلطانز 20 اوورز میں 159 رنز بناسکے اور انہیں 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے راشد خان نے 4 اوور کے کوٹہ میں 15 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں لیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
زمان خان، حارث رؤف، سکندر رضا اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ لی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کے پہلے میچ میں قلندرز ایک رن سے فاتح ٹھہرے تھے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ بحیثیت ٹیم جیت کے لیے اچھا کھیلنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ٹیم کا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم شروع سے بیٹنگ کر رہے ہیں اس لیے بیٹنگ ہی کرتے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں اتر رہی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، طاہر بیگ، عبداللّٰہ شفیق، سیم بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔
ملتان سلطانز میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود، رائیلی روسو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، ثمین گل اور احسان اللّٰہ کھیل رہے تھے۔
Comments are closed.